ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جالی پٹن پنچایت کی ادھوری عمارت - ضائع ہو رہے ہیں کروڑوں روپئے

بھٹکل جالی پٹن پنچایت کی ادھوری عمارت - ضائع ہو رہے ہیں کروڑوں روپئے

Wed, 22 May 2024 11:55:14    S.O. News Service

بھٹکل ، 22 / مئی (ایس او نیوز)  تقریباً 9 سال پہلے بھٹکل   جالی گرام پنچایت  کا درجہ بڑھاتے ہوئے اُسے  پٹن پنچایت میں تبدیل کیا گیا تھا مگر آج تک پٹن پنچایت کے دفتر کی عمارت تعمیری مرحلے میں ادھوری پڑی ہے اور اس پر خرچ ہوئے ایک کروڑ روپے ضائع ہوتے نظر آ رہے ہیں ۔
    
سال 2015 سے پہلے جالی گرام پنچایت 40 اراکین پر مشتمل تھی اور ضلع بھر میں اسے سب سے بڑی گرام پنچایت مانا جاتا تھا ۔ 5 اگست 2015 کو اسے پٹن پنچایت کا درجہ دیا گیا ۔ 29 ستمبر کو نئی انتظامیہ کمیٹی تشکیل پائی ۔ سال 18-2017  میں پٹن پنچایت کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے لئے ایک کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ منظور ہوا ۔ سال 2020 میں تعمیراتی کام شروع کرنے کے لئے ٹھیکیدار کو ورک آرڈر دیا گیا ۔ اس طرح عمارت تو کھڑی ہوگئی مگر ضروری ساز و سامان کے لئے فنڈ نہ ملنے کی وجہ سے اب تک یہ عمارت  یونہی پڑی ہوئی ہے ۔ متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ عمارت پوری طرح تیار ہے، لیکن  ضروری ساز و سامان فراہم ہونے کے بعد ہی اس عمارت کا افتتاح  کیا جائے گا۔
    
اب معلوم ہوا ہے کہ تعمیرات مکمل کرنے کے لئے مزید 6 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ، لیکن کیا اس سے ضروری کام پورا ہوگا؟ اس پر کوئی واضح جواب نہیں مل رہا ہے ۔ جبکہ جالی پٹن پنچایت کے چیف آفیسر نے امید جتائی ہے کہ جولائی کے مہینے میں  اس عمارت کا افتتاح ہو سکتا ہے ۔ 
    
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے  کہ جالی پٹن پنچایت دفتر کی عمارت کی بھی بھٹکل شہر کی ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ جیسی ہونے جا رہی ہے ، جس کے افتتاح کو 6 سال گزرنے کے بعد بھی ایک دن کے لئے بھی وہاں مچھلی فروخت کرنے کا کام نہیں ہوا ہے ۔ مجوزہ جالی پنچایت دفتر کی عمارت کے احاطے میں پیڑ پودے اور گھاس پھوس  اُگنے سے ایک ویرانی کا سا ماحول ہے ۔ اس عمارت کے ورانڈے میں کارڈ کھیلنے والوں نے  اپنا اڈہ جمارکھا ہے ۔ راتوں کو شراب نوشی کے لئے  بھی کچھ لوگ اس احاطے کا رخ کرتے ہیں ۔
    
جالی پٹن پنچایت کا ایک عجیب معاملہ یہ بھی ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال سے باضابطہ پنچایت صدر، نائب صدر کے بغیر ہی اس کا کام کاج چل رہا ہے ۔ گرام پنچایت سے پٹن پنچایت بننے کے بعد ہونے والے پہلے انتخاب میں جو لوگ جیتے تھے انہوں نے اپنی پانچ سال کی میعاد پوری کر لی ۔ 2021 میں جو دوسرا انتخاب ہوا اسے ڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک سرکاری طور پر صدر اور نائب صدر وغیرہ کے انتخاب کے لئے حکم جاری نہ ہونے کی وجہ سے یہ عہدے خالی پڑے ہیں ۔ 


Share: